دلکش اور جاذبِ نظر باتھ روم تھیم

January 24, 2021

گھر کے دیگر حصوں کے مقابلے میں باتھ روم ایک ایسی جگہ ہے جہاں اس کے سائز سے قطع نظر بآسانی تھیم تبدیل کی جاسکتی ہے۔ اگر آپ مکان تعمیر کررہے ہیں یا تعمیرِنو کے مرحلے سے گزر رہے ہیں تو باتھ روم میں اسٹوریج کی ایک شاندار جگہ، خوبصورت ٹائلز، گرافک وال پیپرز اور دلکش انداز کے آئینوں کی تنصیب سے آپ کا باتھ روم انتہائی خوبصورت معلوم ہوگا۔ اگر آپ باتھ روم کے لیے مختلف ڈیزائنز پر غور کررہے ہیں تو سب سے پہلے اپنے اہل خانہ کے مزاج پر غور کریں، جس کے بعد ہی آپ ان کے باتھ روم کے لیے کسی بہترین تھیم کا انتخاب کرپائیں گے ۔

آج کے ہمارے مضمون میں دنیا بھر کے مشہور ڈیزائنرز کی جانب سے پیش کردہ مختلف باتھ روم تھیمز پیش کی جارہی ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ معلومات باتھ روم کی تھیم کے انتخاب میں آپ کو رہنمائی فراہم کریں گی۔ ایک اور اہم بات یہ کہ باتھ روم کی تھیم اس وقت ہی دلکش لگے گی جب وہ صاف ستھرا ہوگا۔

پرانی اور جدید تھیم کا امتزاج

باتھ روم کو مکمل طور پر سفید رنگ کی تھیم میںبنوانا ہمیشہ ہی اسٹائل میں رہتا ہے۔ فرش سے لے کر دیواروں تک سفید رنگ کے ٹائلز، باتھ روم میں لگایا جانے والا سیریمک کا سفید رنگ کا سامان، سفید رنگ کی کیبنٹس یا کاؤنٹر،سفید شیلفس، دیہی طرز کا قالین یا رَگ، پیتل کی لائٹس اور سیاہ فریم میں لگے آئینے ایک خوبصورت تاثر پیش کرتے ہیں۔ اس تھیم میںفرش کے لیے لکڑی کو بطور مواد استعمال کیا جاسکتا ہے جو انتہائی نفیس معلوم ہوگا۔

کلاسک بلیک اور وائٹ تھیم

باتھ روم کی تعمیر کے لیے کلاسیکل تھیم سب سے زیادہ اپنائی جاتی ہے، یوں سمجھ لیں کہ سیاہ اور سفید رنگوں کے امتزاج کو کسی طور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ماہرین کے مطابق سیاہ اور سفید رنگ باتھ روم کے لیے سادہ اور نفیس تصور کیے جاتے ہیں، اس کے ساتھ ہی یہ بجٹ فرینڈلی بھی ہوتے ہیں کیونکہ ان رنگوں کی چیزیں بآسانی اور کم دام میںمل جاتی ہیں۔ کلاسیکل تھیم کے تحت آپ باتھ روم کے فرش کے لیےسفید اور سیاہ ڈاٹس والے ٹائلز جبکہ شیشے کے لیے لکڑی کے فریم کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب اگر آپ باتھ روم کی دیواروں پر ٹائلز لگوانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو سیاہ یا سفید رنگوں میں سے کسی ایک کا انتخاب آپ کی پسند پر منحصر ہے۔ تاہم سفید رنگ نفیس اور جدید نظر آتا ہے، جو چھوٹے سے باتھ روم کو بھی کشادہ دکھا تا ہے۔ سفیدباتھ ٹب، سفیدواش بیسن، سفید الماریاں، کھڑکیاں اور سفید دیواروںسے سجا باتھ روم خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہوسکتا ہے۔

پُرسکون بلیو ڈیزائن تھیم

باتھ روم کی دیواروں پر گہرا نیلا رنگ ایک پرسکون تاثر چھوڑتا ہے۔ فرش کے لیے ہلکے رنگ کی لکڑی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔ تاہم، ان دنوں وینائل اور لکڑی سے مماثلت والی ٹائلیں بھی دستیاب ہیں جو باتھ روم میں خوبصورتی کا احساس دیتی ہیں۔ اس تھیم کے تحت شیلفس، واش بیسن کاؤنٹر اور فریمز کوگہرے رنگ کی لکڑی سے بنوائیں جبکہ سرامک کے سامان کے لیے سفید رنگ دیدہ زیب لگتا ہے۔

رسٹک اور ماڈرن تھیم

چونکہ جدید گھروں میں باتھ روم کے لیے محدود جگہ مختص کی جاتی ہے، لہٰذا ڈیزائنر کی جانب سے پیش کی گئیں زیادہ تر تھیمز بھی چھوٹے باتھ رومز کی تعمیر کے لیے ہوتی ہیں۔ کم جگہ پر تعمیر کیے گئے باتھ رومز کے لیے ماہرین ٹوائلٹ کی اوپری سطح بھی بطور شیلف استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ماڈرن اور رسٹک تھیم میں لکڑی کے شیلف کا استعمال کیا جاتا ہے۔

لکڑی کا شیلف اور کاؤنٹر آپ کے باتھ روم کو رسٹک ٹچ دینے کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔ دوسری جانب ماہرین باتھ روم کی تعمیر کے دوران ماڈرن ٹچ کے لیےگولڈن کلر کے اضافے کا مشورہ دیتے ہیں، مثلاًشیشے (باتھ مرر) کے لیے گولڈن فریم، دیوار کے لیے گولڈن کلر اسکیم اور تو اور باتھ روم میں لگائے جانے والےنلوں کےلیے بھی گولڈن رنگ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

بولڈکنٹراسٹ تھیم

اس تھیم کے تحت آپ باتھ روم کی تعمیر بولڈ کنٹراسٹ تھیم کے ساتھ کرواسکتے ہیں۔ اگر آپ باتھ روم کے فرش کے لیےپتھر کے متبادل یعنی پورسلین کا انتخاب کررہے ہیں تو اس کے ساتھ آپ کو دیوار کی کلر اسکیم بھی گہری رکھنی ہوگی۔ پورسلین کے انتخاب کی وجوہ مختلف ہو سکتی ہیں، مثال کے طور پر آسان منٹیننس، مارکیٹ میں بآسانی کئی رنگوں میں دستیابی اور عمدہ فنشگ وغیرہ وغیر۔

یہاںیہ بات بھی اہم ہے کہ گہرے رنگ کی دیواروں اور فرش پر مبنی اسکیم آپ کے باتھ روم کے مجموعی تاثر کو بیزار (بورنگ) بناسکتی ہے۔ لہٰذا اس میں بولڈ کنٹراسٹ تھیم کا اضافہ ضروری ہے مثلاًایسی صورتحال میں باتھ روم کاؤنٹر اور باتھ ٹب کے لیےسفید رنگ کا انتخاب کیجیے۔ دوسری جانب باتھ روم کو منفرد اورجداگانہ انداز دینے کے لیے شوخ رنگوں والی آرائشی اشیا منتخب کی جاسکتی ہیں۔