دھرمیندر کی بھارتی بالر کے مرحوم والد کیلئے دعا

January 23, 2021

بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد سراج آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد بھارت پہنچتے ہی اپنے والد کی قبر پر حاضری دینے گئے تھے جسے دیکھ کر بالی وڈ اداکار دھرمیندر جذباتی ہوگئے اور نوجوان فاسٹ بالر کے مرحوم والد کے لئے دعا کی کہ انہیں جنت نصیب ہو۔

بالی وڈ کی سینئر اداکار دھرمیندر نے ٹوئٹ میں لکھا کہ سراج بھارت کا بیٹا ہے جس پر ہمیں ناز ہے، دل پر والد کی موت کا صدمہ لیے تم وطن کی آن کیلئے میچ کھیلتے رہے اور ایک انہونی جیت وطن کے نام پر درج کر کے لوٹے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارت کی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔ ٹیم کے وطن پہنچنے پر بھارتیوں نے خوب جشن منایا اور کھلاڑی ریلیوں کی صورت میں گھر پہنچے تھے۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر محمد سراج 11 نومبر کو ٹیم کے ساتھ آسٹریلیا روانہ ہوئے تاہم 20 نومبر کو ان کے والد کا انتقال ہوا جس پر انہیں بورڈ نے وطن واپس جانے کی اجازت دی لیکن انہوں نے مرحوم والد کا خواب پورا کرنے کیلئے ٹیم کے ساتھ رہنے کو ترجیح دی۔

سراج کے والد بھارتی شہر حیدرآباد میں رکشہ چلاتے تھے اور پھیپھڑوں کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کرگئے تھے تاہم جب ٹیم جیت کر واپس وطن لوٹی تو محمد سراج ایئرپورٹ سے سیدھا والد کی قبر پر پہنچے، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔