اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر بچے کا بنیادی حق ہے،ڈاکٹر اصغر زیدی

January 23, 2021

لندن،لاہور( پ ر )گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کہا ہے کہ غربت سے نکلنے کا واحد راستہ اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات ہیں، اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر بچے کا بنیادی حق ہے، والدین بے شک کھانا کم کھائیں اور خرچ کم کردیں لیکن اپنی اولاد کو اچھی تعلیم ضرور دیں تاکہ ان کے بچے معاشرے میں صحت مند زندگی اور اچھی تعلیم حاصل کر سکیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے المصطفیٰ آئی ہسپتال مزنگ میں 10ویں فری آئی کیمپ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر تے ہوئے کیا، اس موقع پر انھوں نے فیتہ کاٹ کر آئی کیمپ کا افتتاح بھی کیا، تقریب میں طارق حمید فضل، خالد حمید فضل، ایم ایس ڈاکٹر محمد شریف، نصرت سلیم سمیت مریض اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انھوں نے کہا کہ دھوکہ دہی اور ناشکری نہیں کرنی چاہئے اور ملک سے محبت کر نا سیکھیں، ملک ترقی کرے گا تو سب کا فائدہ ہو گا، انھوں نے کہاکہ آنکھوں کے علاج کے لئے المصطفیٰ آئی ہسپتال کی ہر طرح مدد کریں گے، ہسپتال میں مستحق مریضوں کے علاج کا اجر اللہ تعالیٰ دے گا، المصطفیٰ زندگیوں کو تبدیل کر رہا ہے۔