بنگلا دیش میں روہنگیا کیمپوں میں پھر آگ بھڑک اٹھی

January 23, 2021

ڈھاکا ( نیوز ڈیسک) بنگلادیش کے کاکسس بازار مہاجرکیمپ میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی۔ خبررساں اداروں کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب آتش زدگی کے باعث میانمار سے ہجرت کرکے آنے والے روہنگیا مسلمانوں کے کئی خیمے اور پناہ گاہیں جل کر راکھ ہوگئیں اور بڑی تعداد میں لوگ چھت سے محروم ہوگئے۔ واقعہ رات کے وقت کاکسس بازار کے بی بلاک میں پیش آیا۔روہنگیا تارکین وطن نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ کو بجھایا۔ واضح رہے کہ یہ کاکسس بازار کے مہاجر کیمپ میں آتش زدگی کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جمعرات کے روز بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے 550 گھر اور 150 دکانیں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔ نیاپارا مہاجر کیمپ میں ہونے والی آتشزدگی کی تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئیں، جن میں کئی خاندانوں کو سر چھپانے کے لیے پنا گاہ ڈھونڈتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ بنگلادیش کی حکومت میانمر سے آئے 7لاکھ سے زائد مسلمانوں کو بھاسن چار جزیرے پر منتقل کرنا چاہتی ہے۔ اقوا م متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے مطابق بھاسن چار ایک پُرخطر جزیرہ ہے،جہاں زندگی گزارنا موت کو گلے لگانے کے مترادف ہے۔