امریکا ٹرمپ کی غلط پالیسیوں کے باعث تنہا ہوگیا،ایران

January 23, 2021

تہران( نیوزڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کی منحوس حکومت ختم ہوگئی‘ امریکا ٹرمپ کی غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر تنہا رہ گیا۔ یہ بات ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہی۔ایرانی میڈیا کے مطابق صدر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس میں امریکا کی سیاسی تنہائی کو ٹرمپ کا ورثہ قرار دیا اور کہا کہ آج امریکا، اقوام متحدہ، مسئلہ فلسطین، ایٹمی سمجھوتے اور دیگر موضوعات کے سلسلے میں ٹرمپ کی غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر تنہا رہ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی معاشرے کا دو حصوں میں تقسیم ہو جانا ٹرمپ کی منحوس وراثت ہے‘ چار سالہ دورحکومت کا نتیجہ ظلم، بدعنوانی اوردنیا بھر کے عوام کے لئے مسائل و مشکلات کھڑی کرنے کے سوا کچھ نہیں نکلا۔ دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ نے فرانسیسی اخبار لوفیگارو کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے امریکا کی نئی حکومت سے مذاکرات کی بات کہی ہے۔ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے مجید تخت روانچی گزشتہ تین ہفتوں سے تہران میں تھے اور لوفیگارو کے نامہ نگار کی بات بے بنیاد ہے۔