آسٹریا میں کورونا سےہلاکتوں کی تعداد 7ہزار330ہوگئی

January 23, 2021

اویانا(نمائندہ جنگ) آسٹریا بھر میں کورونا انفیکشن کی شرح کایک بار پھر بڑھ رہی ہے پچھلے 24 گھنٹوں کے اندر 2،088 نئے انفیکشن ریکارڈ کیے گئے۔ ابھی تک آسٹریا میں 401،886 ٹیسٹ کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔22 جنوری تک آسٹریا بھر میں 7 ہزار330 افراد کورونا وائرس کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے 1 ہزار914 افراد اسپتال میں داخل ہیں اور ان میں سے 331 انتہائی نگہداشت والے یونٹ میں ہیں۔علاوہ ازیں ویانامیں ایف ایف پی 2 ماسک کی خریداری کیلئے لمبی قطاریں لگ گئیں۔ لوگنر سٹی مارکیٹ میں سب سے سستے ایف ایف پی 2 ماسک دستیاب ہونے کے باعث خریداروں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ سپر مارکیٹوں میں فی کسٹمر 59 سینٹ کی قیمت کے ساتھ ہر کسٹمر کے لیے پانچ پانچ ایف ایف پی 2 ماسک موجود ہیں۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ دنوں سپر مارکیٹوں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں ایف ایف پی 2 ماسک کو ضروری قرار دیا تو حکومتی اعلان گھبراہٹ کا باعث بنا۔ فی ماسک مہنگا ملنے کا خدشہ تھا لیکن جلد ہی سپر مارکیٹ لگنر سٹی ویانا میں ایک اسٹور نے سستا ماسک سیل پر لگا دیئے ہیں جس کے باعث لوگوں کا رش لگ گیا ۔