نواب ظاہر کی رہائش گاہ پر حملہ بزدلانہ فعل ہے‘اے این پی

January 23, 2021

کوئٹہ(آن لائن)عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری حاجی نذر علی پیر علی زئی، نائب صدر عین الدین ترین، انجینئر باز محمد خلجی، بسم اللہ ترین، نافع ستار و دیگر نے پارٹی کے سابق صوبائی صدر نواب ارباب عبدالظاہر کاسی کے محافظ پر کراچی میں نامعلوم افراد کی جانب سے حملے اور انہیں زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے مرکزی رہنما کی کراچی میں رہائش گاہ پر مامور سرکاری سیکورٹی گارڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے ۔یہ ایک بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اے این پی ضلع کوئٹہ اس حملے کی مذمت کرتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی ضلع کوئٹہ کے جتک اسٹاپ، مشرقی بائی پاس، ہزار گنجی اور ملحقہ علاقوں کے یونٹ صدور، سیکرٹریز، سینئر ارکان کے مشترکہ اجلاس جو بسم اللہ ترین کی رہائش گاہ مسلم اتحاد کالونی جتک اسٹاپ میں منعقد ہوا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں 29 جنوری کو اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کی عدم بازیابی سے متعلق احتجاجی مظاہرے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی شہداء کی جماعت ہے جس پر آج سے نہیں بلکہ ایک عرصے سے دہشت گردانہ حملے جاری ہیں۔ انجمن اصلاح الافاغنہ سے لیکر خدائی خدمتگار تحریک اورموجودہ عوامی نیشنل پارٹی تک باچاخان کے پیروکاروں نے قومی تحریک کے لئے لازوال قربانیاں دیں مگر یہ تحریک رواں دواں ہے۔ پارٹی کواصولی موقف سے ہٹانے کیلئے پہلے بھی ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لیا گیا۔ درایں اثنا اے این پی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید ناصر، ضلعی صدر جمال الدین رشتیا، نائب صدر عین الدین ترین نے برات خان کے صاحبزادے نسیم ترین کی رہائش گاہ جا کر فاتحہ خوانی کی۔