ٹوئٹر نے آیت اللہ خامنہ ای کے نام سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردیا

January 23, 2021

ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کے نام سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کردیا گیا ہے۔

ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای سے منسوب مذکورہ اکاؤنٹ ’khamenei_site‘سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کی دھمکی دی گئی تھی۔

ٹوئٹر نے مذکورہ اکاؤنٹ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، دھونس دھمکی اور تشدد پر اکسانے پر معطل کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مذکورہ اکاؤنٹ سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسی شباہت رکھنے والے شخص کی تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں وہ شخص گولف کھیل رہا ہے۔

ٹرمپ کے مشابہہ شخص کی تصویر کو بلندی سے ڈرون کی مدد سے لیا گیا ہے کیونکہ زمین پرایک جدید ڈرون کا سایہ بھی نظر آرہا ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈرون سے نشانہ بنایا جائے گا۔

تصویر کے ساتھ فارسی میں لکھا گیا کہ ’انتقام ناگزیر ہے، جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے اور قتل کا حکم دینے والے سے انتقام لیں گے۔‘

مزید یہ بھی لکھا گیا کہ ’اگرچہ جنرل سلیمانی کے جوتے بھی قاتل سے زیادہ معزز ہیں لیکن قاتل نے جاتے جاتے ایک ایسی غلطی کی جس کا لازمی بدلہ لیا جائے گا۔‘