جنوری میں کوروناوائرس نے 3 ڈاکٹرز کی جان لے لی

January 23, 2021

وفاقی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جنوری 2021ء میں 912 فرنٹ لائن ورکرز کورونا وائرس کا شکار ہوئے، جن میں 3 ڈاکٹرز اور 6 پیرامیڈیکل اسٹاف بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق ملک میں ر واں ماہ کے دوران اب تک 3 ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے 6 ارکان کورونا سے انتقال کرگئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق سندھ میں 267 ڈاکٹرز، 208 نرسیں اور 196 پیرا میڈیکس وبائی مرض سے متاثر ہوئے۔

پنجاب میں 63 ڈاکٹر، 25 نرس اور 31 پیرا میڈیکس جبکہ خیبرپختونخوا 59 ڈاکٹرز، 5 نرس اور 35 پیرا میڈیکس کورونا میں مبتلا ہوئے۔

حکام کے مطابق بلوچستان کے 5 ڈاکٹر اور 3 پیرا میڈیکس، آزاد کشمیر میں 11 ڈاکٹرز اور 4 پیرا میڈیکس، اسلام آباد میں 20 نرسز اور گلگت بلتستان میں 1 ڈاکٹر کورونا سے متاثر ہوا ہے۔

کورونا وائرس سے اب تک 20 فرنٹ لائن ورکز جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

وفاقی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں آج کورونا وائرس سے مزید 43 افراد چل بسے ہیں جبکہ 24 گھنٹے کے دوران 1 ہزار 927 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔

حکام کے مطابق 22 جنوری کو 40 ہزار 403 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، کیسز مثبت آنے کی شرح 4 اعشاریہ 7 فیصد رہی ہے۔