مصطفیٰ کمال و دیگر کے خلاف ریفرنس، تفتیشی افسر و گواہوں کو پیشی کا حکم

January 24, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال و دیگر کے خلاف کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ ہفتے کو احتساب عدالت نے چیئرمین پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی ) سید مصطفیٰ کمال و دیگر کے خلاف کلفٹن میں پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر سید مصطفیٰ کمال و دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ جو مقدمہ کی کاپی ہمیں دی گئی اس کا کچھ پتہ نہیں چل رہا سمجھ نہیں آرہی ہے۔ سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ صرف لیز کے ڈاکومنٹس میں مسئلہ ہے۔ ان دستاوایزات کا اتنا مسئلہ نہیں ہے۔ ریفرنس میں نامز دملزم افتخار قائمخانی کے وکیل کا عدالت میں کہناتھا کہ ہمارے موکلوں کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔ اگر ان دستاویزات کا اتنا مسئلہ نہیں تو کیوں لگائے آپ نے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے ہم تفتیشی افسر کو اصلی دستاویزات کے سمن کر دیتے ہیں۔ مصطفی کمال کے وکیل حسان صابر ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ اگلی تاریخ کو ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ دی جائے۔ عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔ نیب کے مطابق مصطفی کمال کے خلاف نیب کی جانب سے کلفٹن میں زمینوں کی جعلی الاٹمنٹ ریفرنس قائم کیا گیا ہے۔