نارتھ لندن میں 400 مہمانوں والی شادی پارٹی پر پولیس کا دھاوا

January 24, 2021

لندن ( پی اے ) نارتھ لندن میں کورونا وائررس لاک ڈائون پابندیوں کو پامال کرتے ہوئے منعقد کی جانے والی شادی پارٹی پر دھاوا بول دیا اس شادی پارٹی میں 400 مہمان شریک تھے ۔ پولیس آفیسرز جمعرات کو جب سٹیمفورڈ ہل میں یسوڈے ہتورہ گرلز سکول پہنچے تو انہیں وہاں کھڑکیاں کور کی ہوئی ملیں۔ پولیس آفیسرز اندر داخل ہوئے تو مہمان وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آرگنائزرز کو کورونا وائرس کوویڈ 19 رولز کی خلاف ورزی کرنے پر 10 ہزار پونڈ جرمانے کا سامنا ہے۔ دیگر پانچ مہمانوں کو 200 پونڈ کے جرمانے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ یہ برطانیہ میں سخت آرتھوڈوکس یہودیوں کی سب سے بڑی کمیونٹی چریڈی کا علاقہ ہے۔ میٹ پولیس کے ڈیٹکٹیو چیف سپرنٹنڈنٹ مارکوس بارنیٹ نے کہا کہ یہ شادی ملک میں نافذ کردہ کورونا روائرس کوویڈ 19 رولز کی کھلم کھلا اور مکمل خلاف ورزی تھی جو ناقابل قبول ہے۔ ملک بھر میں لوگ قربانیاں دے رہے ہیں اور شادیاں یا دوسری تقریبات منسوخ و ملتوی کر رہے ہیں۔ ان حالات میں اس رویئے پر کوئی عذر یا جواز قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے آفیسرز بلاتکان کمیونٹی کی حفاظت کیلئے کام کر رہے ہیں اور اگر ضروری ہوا تو ہم لوگوں کی حفاظت کیلئے انفورسمنٹ ایکشن کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔ سٹیمفورڈ ہل، ہیکنی بارو کا حصہ ہے جہاں ایک لاکھ افراد میںکورونا وائرس کوویڈ 19 متاثرین کے کیسزکا تناسب 625.43 ہے جبکہ انگلینڈ میں فی ایک لاکھ افراد میں کورونا متاثرین کا تناسب 471.31 ہے ۔ لندن انگلینڈ کے وسیع تر لاک ڈائون میں شامل ہے جہاں ہائوس ہولڈز کے درمیان سماجی میل جول پر پابندی ہے۔