حکومت صحافیوں کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، زلفی بخاری

January 24, 2021

لزبن (سرفراز فرانسس )وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز زلفی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت دیار غیر میں اپنے صحافتی فرائض سر انجام دینے والے صحافیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں کام کرنے والے صحافی ہمارے سفیر ہیں جو پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرتے ہیں اور عالمی منفی پروپیگنڈے کے توڑ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ، وہ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس کی آن لائن حلف برداری کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ، جس کی میزبانی واشنگٹن ڈی سی سے خرم شہزاد نے انجام دی ، شاہد چوہان نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے شرکاء سے کہا کہ اس وقت دشمن ملک پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروف ہے ، وہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا ، اوورسیز جرنلسٹس دنیا بھر میں اس پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں اور وطن عزیز کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کریں یہی آپ کی ملک و قوم کےلئے سب سے بڑی خدمت ہوگی۔ امریکہ میں برسر اقتدار پارٹی ڈیموکریٹ کے سینئر رہنما طاہر جاوید نے آن لائن تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے ، وہ قومیں کبھی زوال کا شکار نہیں ہوتیں جہاں لوگوں پر بے جا پابندیاں نہ لگائی جائیں ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد صحافی امریکہ اور دنیا بھر میں اپنے فرائض بلا روک ٹوک سرانجام دے رہے ۔ آن لائن تقریب میں 30 سے زائد ممالک میں مقیم پاکستانی صحافیوں نے شرکت کی ۔