ڈرائیورز کااوبر کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ

January 24, 2021

راچڈیل (ہارون مرزا)ٹیکسی سروس اوبر سے وابستہ ہزاروں ڈرائیوروں نے قواعدوضوابط کی خلاف ورزی پر کمپنی کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کرلیا، ہزاروں بلیک کیب ٹیکسی ڈرائیوروں کی جانب سے کمپنی کیخلاف مقدمہ کرنے کااعلان ، کمپنی کیخلاف قانونی کارروائی میں یہ الزام عائد کیا جائے گا کہ اوبر نے اپنے بعض ڈرائیوروں کو اپنے مرکزی نظام کے بجائے براہ راست بکنگ قبول کرنے کی اجازت دی جو لائسنس یافتہ اور حقیقی ڈرائیوروں کی حق تلفی ہے جون 2012 سے مارچ 2018 کے درمیان قواعدکی غیر قانونی خلاف ورزی پر انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور ان کی کمائی میں غیر معمولی حد تک کمی ہوئی ،قانونی چارہ جوئی کے ماہر آر جی ایل مینجمنٹ جو مشکون ڈی رییا کے ساتھ قانونی چارہ جوئی کررہی ہے، کا خیال ہے کہ موجودہ صورتحال میں تقریبا30ہزار کے قریب ڈرائیور کمپنی کیخلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کرنے کے حق دار ہو سکتے ہیں، تقریبا 44ہزار بلیک ٹیکسی ڈرائیورزدعویدار کے طور پر خود کو شامل کر چکے ہیں، مزید پانچ ہزار پر کارروائی جاری ہے اگر ڈرائیورز کا موقف درست تسلیم کر لیا گیا تو اوبر کو لاکھوں پائونڈز ہرجانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے، دوسری طرف رائڈ ہیلنگ فرم نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے انہیں مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے یہ اوبر دارالحکومت میں قانونی طو رپر کام کرتی ہے۔