ناروے میں کورونا ویکسین لگوانے والے 23 افراد ہلاک

January 24, 2021

اوسلو(این این آئی)ناروے میں کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے چند دن بعد ہی 23 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مرنے والوں میں سے 13 افراد کی موت کورونا وائرس کی ویکسین کے ضمنی اثرات کی وجہ سے ہوئی۔ ان تمام افراد کی عمر 80 برس کے لگ بھگ تھی اور یہ سب نرسنگ ہومز کے رہائشی تھے۔نارویجن میڈیسن ایجنسی کے چیف فزیشن سیگار ہورٹیمو نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین لگنے کے بعد بخار اور متلی ہونا عام ہے اور پیچیدہ صحت کے مسائل رکھنے والوں کے لیے ویکسین کے ضمنی اثرات مہلک بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ناروے میں اب تک 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 23 افراد کی موت کی بنیاد پر ویکسین کو غیر محفوظ قرار نہیں دیا جاسکتا تاہم ڈاکٹروں کو ویکسین لگانے سے پہلے مزید باریک بینی سے صحت کا جائزہ لینا ہوگا۔ جن کی صحت بہت خراب ہو یا عمر رسیدہ افراد کے حوالے سے اضافی احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی۔دوا ساز کمپنی فائزر کی تیار کردہ ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے کے بعد مرنے والے 23 افراد میں 21 خواتین اور 8 مرد شامل ہیں۔ فائزر کمپنی کے مقامی نمائندے کا کہنا ہے کہ ویکسینیشن کے بعد اموات کا علم ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر متعلقہ معلومات بھی جمع کی جارہی ہیں۔