پولیس تشدد کیخلاف درخواست

January 24, 2021

پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور کی رہائشی خاتون اور اُسکے بیٹے نے مبینہ طور پر پولیس تشدد اور گھر سے لاکھوں نقدی اور 30تولے زیورات لےجانے کے الزام پر پولیس افسران سمیت سات افراد کےخلاف قانونی کارروائی کےلئے مقامی عدالت میں 22اے کی درخواست دائر کردی ۔ عدالت نے 22اے درخواست پرپولیس افسران سے 3فروری تک جواب طلب کرلیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج سید شوکت اللہ نے مسماة (ش) اور اُسکے بیٹے نور زمان کیجانب سے دائر 22اے کی درخواست پرسماعت کی۔اس موقع پر عدالت کو بتایا گیاکہ مذکورہ پولیس اہلکاروں نے دیگر دو افراد شریف گل اور سلمان سے ملی بھگت کرکے درخواست گزار کے گھر پرمبینہ طور پرچھاپہ مارا اور گھر کے مکینوں کو زدو کوب کیا جبکہ گھر سے 80لاکھ اور 30تولے زیورات بھی لے گئے۔چھاپے کے دوران گھر سے دو افرادکو بھی حراست میں لیکران پر مبینہ جسمانی تشدد کیا اور کئی گھنٹو ں تک حبس بے جا میں رکھا جسکے بعد درخواست گزاروں نے پولیس کے اعلی حکام سے اپیل کی لیکن کوئی شنوائی نہ ہونے پر22اے درخواست دائر کی گئی۔ عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعدپولیس سے 3فروری تک جواب طلب کرلیا۔