ویلج سیکرٹری کےپاس ڈبل چارج، علاقے مکین مشکلات سے دو چار

January 24, 2021

پشاور(وقائع نگار) ویلج کونسلز سکیم چوک اور احمد خیل میں تعینات ویلج سیکرٹری کیساتھ ڈبل چارج کے باعث علاقے کے مکین مشکلات سے دو چار ہو گئے ہیں ۔ اہل علاقہ کے مطابق ویلج کونسلز کے سیکرٹری کفایت کے پاس ڈبل چارج ہونے کے باعث علاقے کے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اکثر اوقات وہ مذکورہ ویلج کونسلز کے دفاتر میں موجود نہیں ہوتے اور سارا دن اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میں موجود ہوتا ہے جہاں پر وہ ٹھیکیداروں کی فائلوں میں مصروف رہتا ہے جس کی وجہ سے علاقے کے عوام برتھ سرٹیفیکیٹ ‘ نکاح نامہ ‘ ڈیتھ سرٹیفیکیٹ وغیرہ بنانے کے لئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔ اہل علاقہ نے صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب اور ممبر صوبائی اسمبلی حاجی فضل الٰہی سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ سیکرٹری کو فی الفور ٹرانسفر کیا جائے اور باقاعدہ انکوائری کی جائے بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے۔