ڈاکٹر ولی اللہ کے قتل کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن

January 24, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود ڈاکٹر ولی اللہ شہید کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور وزیر صحت نے ڈاکٹر کے قتل کا نوٹس لیا نہ ہی تعزیت کا اظہار کیا .ذمہ داروں کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت ایف آئی آر بھی نہیں کی گئی۔ ایک بیان میں پی ڈی اے نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر ولی اللہ کے قتل کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے، ڈاکٹر کے خاندان کو شہداء پیکیج دیاجائے۔ بیان کے مطابق مقتول کے چار بچے ہیں حکومت بچوں کی مفت تعلیم کی ذمہ داری لے۔ادھر گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ایک بار پھر ایم ٹی آئی ہسپتالوں، محکمہ صحت میں فسکڈ تنخواہ، ڈیلی ویجز اور ایڈہاک بھرتی کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تمام کیڈرز ملازمین کو مستقل بنیادوں پر بھرتی کیا جائے، ہسپتالوں میں ہیلتھ مینجمنٹ کمیٹیاں قابل قبول نہیں ہے، وزیر اعلیٰ کے احکامات پر من وعن عمل کرتے ہوئے انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں۔ جی ایچ اے اجلاس میں لکی مروت میں ڈی سی اور ڈی پی او کی غفلت کی وجہ سے پانچ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ ریاست عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان کے ذمہ دار ڈاکٹرز اور عملہ نہیں ہے۔ جی ایچ اے نے ڈاکٹرز اور عملے کو کورونا رسک الائونس دینے کا مطالبہ کیا۔