محکمہ خورا ک کی گرانفروشو ں کیخلاف کارروائیاں،21گرفتار

January 26, 2021

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خورا ک نے گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید21افراد کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے یونیورسٹی روڈ‘ یونیورسٹی ٹاؤن‘ بورڈ بازار اور اولڈ باڑہ روڈ میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں معیار کو چیک کیا اور نرخوں سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 21افراد کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کر دیئے۔ گرانفروشوں میں سبزی و پھل فروش‘ دودھ و دہی فروش‘ نانبائی‘ قصائی‘ بیکری و جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔