غیرمعیاری، ملاوٹی خوراک کی فروخت پر 5 فوڈ یونٹس سیل

January 27, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈاتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے 415 فوڈ یونٹس کی چیکنگ کے دوران غیرمعیاری اور ملاوٹی خوراک کی فروخت پر 5 فوڈ یونٹس سیل جبکہ337 شاپس مالکان کو بہتری نوٹسز جاری کیے، متعدد کو ہزاروں روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ مجموعی طور پر کی گئی کارروائیوں کے دوران 1100ساشے گٹکا، 585لٹر غیر معیاری مشروبات، 100لٹر ناقص آئل، 55کلو مضر صحت مٹھائی اور 400کلو ایکسپائرڈ نمکو تلفکی گئی۔ خانیوال میں الریاض ملک شاپ اینڈ ڈرنک کارنر ، وہاڑی میں اجوہ سویٹس ،ساہیوال میں ماڈرن بیکری یونٹ ، اوکاڑہ میں زہرہ بیکری کو فوڈ مینوفیکچرنگ کے لیے رینسڈ آئل کا استعمال کرنے اور ملک عبدالمجید کریانہ سٹور کو کھلے مصالحہ جات فروخت کر نے پر سیل کیاگیا۔ ملتان میں شہزاد بیکرز کو فلٹر شدہ پا نی کااستعمال نہ کرنے پر 20 ہزار، وہاڑی میں عزیز الرحمان سویٹس پروڈکشن یونٹ کو حشرات کی بہتات پر 15 ہزار اورساہیوال میں سردار سویٹس کو واشنگ ایریا میں گندگی پائے جانے پر 24ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ بہاولپور میں مہر سپر سویٹس کو 20ہزار اور رحیم یارخان میں سٹلرز ریسٹورنٹ کو 20ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیاگیا۔