پی ایم سی اور ارنم میں کینسر سے متعلق تحقیق کیلئے مفاہمت طے

January 27, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور اور انسٹی ٹیوٹ آف ریڈیو تھراپی اور نیوکلیئر میڈیسن (ارنم) پشاور کے درمیان کینسر سے متعلق صحت کے امور پر تحقیق میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔، پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ڈین پی ایم سی اور ڈاکٹر عاکف خان ڈائریکٹر ارنم نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ اس معاہدے کا مقصد بائیومیڈیکل تربیت میں باہمی تعاون اور تحقیق اور ترقی سے متعلقہ سرگرمی کو فروغ دینے میں مشترکہ اقدامات بروئے کار لاناہے۔ایم او یو کے مطابق طلبہ کے کلینکل ٹریننگ پروگرام کی مدت کالج آف فزیشنز اور سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) یا متعلقہ یونیورسٹی سے منظور شدہ نصاب اور کریڈٹ اوقات کے مطابق ہوگی۔ ایم او یو کے تحت یہ معاہدہ پانچ سال کے لئے کارآمد رہے گا جس میں نہ صرف فریقین کی رضامندی سے مزید توسیع کی جاسکے گی بلکہ کسی بھی اختلاف کی صورت میں کوئی بھی فریق تین ماہ کی پیشگی اطلاع دے کر اس معاہدے کو ختم بھی کرسکے گا۔ڈائریکٹر ارنم ڈاکٹر عاکف خان نےامید ظاہر کی کہ یہ ایم او یوونوں اداروں، ان کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ساتھ مختلف اقسام کے مریضوں کے لئے زیادہ سے زیادہ فائدے کا باعث ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس ایم او یوسے ہائی ٹیک سہولیات اور کینسر رجسٹری کے بڑے اعداد و شمار کو استعمال کرنے کے سلسلے میں تعلیم، خدمات، اور تحقیق کے شعبوں میں باہمی تعاون کوفروغ ملے گا۔ ڈین پی ایم سی پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے توقع ظاہر کی کہ یہ ایم او یو دونوں اداروں کو ریڈیالوجی خاص کر کینسر جیسے موذی مرض کی تعلیم و تشخیص اور علم وتحقیق میں ممد ومعاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے طبی تعلیم کے علاوہ صوبے کے مریضوں کو بھی خاطر خواہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم سی اور اس سے ملحقہ ذیلی اداروں نے گزشتہ چند سالوں کے دوران علم وتحقیق کے شعبوں میں ترقی کی ہے توقع ہے کہ ارنم جیسے مایہ ناز طبی ادارے کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں سے طلبہ کی علمی اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہوگا اور کینسر سے متعلق تحقیق اور علاج معالجے میں بھی مدد ملے گی۔