ہائیکورٹ، نوجوان کو گھر سے حراست میں لینے پر سی ٹی ڈی افسر طلب

January 28, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر)ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج نے انصر عباس نامی ایک نوجوان کو گھر سے اٹھانے اور پٹیشنر کے دو موبائل فون ساتھ لے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ کوٹ چھٹہ اور ڈسٹرکٹ آفیسر سی ٹی ڈی ڈیرہ غازیخان کو یکم فروری کو طلب کر لیا ہے۔ پٹیشنر نور محمد خان نے موقف اختیار کیا کہ چار جنوری کی شب کائونٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ اور مقامی پولیس دروازہ توڑ کر ان کے گھر میں گھس گئی اور اس کے بیٹے انصر عباس کو ساتھ لے گئے جبکہ گھر میں موجود دو قیمتی موبائل بھی ساتھ لے گئے‘ اس سلسلے میں ڈی پی او درخواست دی گئی کہ ان کے بیٹے کو بازیاب کرایا جائے مگر انہوں نے اس سلسلے میں لاعلمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹیشنر کو خطرہ ہے کہ کہیں اس کے نوجوان بیٹے کو فرضی پولیس مقابلے میں نہ مار دیا جائے جبکہ اس کا کسی کالعدم تنظیم سے نہیں ہے اور وہ کھیتی باڑی کر کے گزر بسر کرتے ہیں۔