فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 300 لیٹر زائدالمیعاد اور مضر صحت مشروبات برآمد

January 28, 2021

پشاور(وقائع نگار) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ضلع ٹانک میں اشیاء خوردنوش سے وابستہ مختلف کاروباروں کا جائزہ لیا اور 300لیٹر سے ذیادہ زائد المعیاد اور مضر صحت مشروبات برآمد کرلئے ہیں۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران ٹانک بازار میں مختلف دکانوں سے برآمد ہونے والی مضر صحت مشروبات کو تلف کیاگیا اور مزید بہتری کے لئے نوٹسز جاری کئے گئے۔ ڈائریکٹر اپریشنز ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق مردان میں بھی ریسٹورنٹس اور ہوٹلز کا جائزہ لیا گیا، اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دو ہوٹلز کو جرمانہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر اپریشنز کے مطابق دیر میں صفائی کی ناقص صورتحال پر گوشت کے دو دکانوں اور اپر دیر میں چائنہ سالٹ کی فروخت پر ایک دکان کو سیل کیا گیا جبکہ مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق ہری پور میں متعدد ہوٹلز، کریانہ سٹورز اور بیکریوں کے پروڈکشن یونٹس کا جائزہ لیاگیا، اور خوراک کی تیاری میں بہتری نہ لانے والوں کو ورننگ نوٹسز جاری کئے گئے۔ نوشہرہ میں کارروائی کے دوران 70 کلو سے زائد مضر صحت اور زائد المعیاد اشیاء کو تلف کیا گیا۔ ڈی آئی خان میں انسپکشن کے دوران 25 کلو ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا۔، جبکہ گھی مل کو حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈائریکٹر آپریشنز کے مطابق کوہاٹ میں بھی ملاوٹ شدہ دودھ اور بیکری آئٹمز اور لکی مروت میں غیر معیاری مصالحہ جات برآمد کرکے تلف کردئے گئے۔ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق چترال میں اشیاء خوردنوش کے دکانوں کا جائزہ لیا گیا اور 19 کلو مضر صحت اشیاء برآمد کرکے تلف کئے گئے۔