بلدیاتی سیٹ اپ قائم ہونے سے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ بہتر ہوگا، صوبائی وزیرقانون

January 28, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون سلطان محمد نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے کی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی سیٹ اپ قائم ہونے سے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ مزید بہتر ہو جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بنیادی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکیں، گلیاں و دیگر خدمات کی فراہمی کے ساتھ انسانی حقوق کا تحفظ بھی ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر قانون نے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نےـ" انسانی حقوق کا تحفظ "کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈیموکریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی ملیحہ اصغر، عائشہ بانو، مدیحہ نثار، ریحانہ اسماعیل اور احتشام خان بھی شریک تھے۔وزیر قانون سلطان محمد نے اس موقع پرریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں محکمہ قانون نے ہیومن رائٹس ایکشن پلان متعارف کروایا ہے جبکہ ہیومن رائٹس ایکشن پلان کے سلسلے میں سول سوسائٹی کا کردار بھی بہترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا نے ہیومن رائٹس ایکشن پلان مرتب کیا ہے اب اس ہیومن رائٹس ایکشن پلان سے صوبے میں انسانی حقوق کا تحفظ مزید بہتر طور پر ممکن ہو سکے گا۔خیبرپختونخوا ہیومن رائٹس ایکشن پلان کے نتائج پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر سلطان محمد نے واضح کیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر ہیومن رائٹس ایکشن پلان مرتب کیا گیاہے۔ ایکشن پلان پر عمل درآمد سے بہترین نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ، بچوں، خواتین، مزدوروں اور خصوصی افراد سمیت تمام مکتبہ ہائے فکر کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔محکمہ قانون کے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیر قانون سلطان محمد نے کہا کہ ہیومن رائٹس پروٹیکشن کے حوالے سے ہیلپ لائن سروس کو مزید بہتر بنایا جائے۔ ہیومن رائٹس ایکٹ سب سے پہلے ہم نے پاس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کرکے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں۔ گھریلو تشدد کے خلاف بل اسمبلی سے متفقہ طور پر لائے ہیں جو بڑی کامیابی ہے۔