دو پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے در خواست

January 28, 2021

پشاور (نیوز رپورٹر) پشاور دلہ زاک روڈ کے رہائشی خاتون نے حراست کے دوران ریپ کرنے پر تھانہ پہاڑی پورہ کے دو پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاورسید شوکت اللہ عدالت میں 22اے کی درخواست دائر کردی ۔ عدالت نے پولیس اہلکاروں سے اگلی سماعت پر جواب طلب کرلیا ۔ گزشتہ روز عدالت نے مسماۃ ی ساکن مردان گوجر گڑھی حال دلہ زاک روڈ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تھانہ پہا ڑی پورہ پولیس کے درخواست گذار خاتون کو ایک مقدمے میں حراست میں لیا جہاں پر پولیس اہلکاروں فازادہ خان اور عرفان نے متاثرہ خاتون کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا یا لہذا عدالت جنسی زیادتی کرنے پر مذکورہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے پولیس کے اعلی حکام کو احکامات جاری کریں۔ عدالت نے درخواست پر مزید سماعت 9فروری تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سے اگلی سماعت پر جواب طلب کرلیا۔