داسو ہائیڈرو پاور منصوبہ کوہستان کی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کمشنر ہزار ڈویژن

January 28, 2021

پشاور(جنگ نیوز)کمشنر ہزارہ ڈویژن ریاض خان محسود نے کہا کہ داسو ہائیڈرو پاور منصوبہ کو ہستا ن کی ترقی اور خوشحالی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اگر آپ کوہستا ن میں ترقی اور خوشحالی چاہتے تو داسو ہا ئڈرو پا ور منصوبے کی تعمیر میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے دفتر میں کوہستا ن کے نما ئندہ وفد کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر واپڈا کے جنرل منیجر انوارالحق، سوشل سیف گارڈ بریگیڈیر خالد جدون، کرنل ریٹا ئرڈ عبدالغفار خان اور ڈپٹی کمشنر کوہستان اپر محمد عارف یوسفزئی بھی موجود تھے۔ وفد کے ارکان نے اس موقع پر اپنی مسائل کے بارے کمشنر کو آگاہ کیا۔ ریاض خان محسود نے کہا کہ داسو ہا ئیڈرو پاور منصوبہ کوہستا ن کی ترقی میں سنگ میل ثا بت ہو گا اس کی تعمیر سے علاقے میں ترقی اور خو شحالی آئے گی روز گار کے مواقع پیدا ہو گے اور اس کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات فراہم ہو نگی جس میں فنی اداروں کا قیام، تعلیم، صحت، مواصلات اور پینے کے صاف پانی جیسے بڑے بڑے منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل ہمیشہ مل بیٹھ کر ہوتا ہے۔ احتجاج سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ احتجاج سے مزید نقصانات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ سے ملکر کام کرنا چاہتے ہیں انتظامیہ حکو مت اور عوا م کے درمیا ن پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ کے مسا ئل حل کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آپ کے تما م جائز مسائل اور مشکلات فوری حل کئے جائیں گے۔ کمشنر ہزارہ ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر کوہستا ن کو ہدایت کی کہ لینڈ ریکوزیشن کے لیے فوری طور پر کمیٹی بناکر علاقے کے لوگوں کے شکوک و شبہات اور مسائل حل کرکے ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کے دوبارہ آباد کاری کیلئے متاثرین کوبھاشا ڈیم جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سڑکو ں، تعلیم،صحت اور پینے کے منصوبوں پر فوری کام شروع کیا جائے جہاں کام ہو رہا ہے اس کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے وفدکو یقین دلایا کہ بھرتیوں میں بھی پہلی ترجیح کوہستا ن کے پڑھے لکھے نوجوا نو ں کو دی جا ئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے منصوبوں پر کام تیز اورزیادہ ہو گا اتنی ہی زیادہ روز گار کے مواقع پیدا ہو گے اور زیادہ لوگو ں کو بھرتی کیا جا ئے گا اور تما م بھرتیاں میرٹ کے مطابق کی جا ئیں گی۔