قارئین کیا سوچتے ہیں

January 31, 2021

انور شعورؔ (28 جنوری 2021) ’’بھی‘‘

جناب انور شعور صاحب! آپ نے ’’بھی‘‘ کے عنوان سے مشتعل سکھ برادری کے احتجاج کو جس طرح اپنے قطعے میں موزوں کیا ہے، قابلِ تعریف ہے۔ کوئی شک نہیں کہ آپ کے قطعات حقیقی معنوں میں شعور بخشتے ہیں۔ (سراج الدین، سرگودھا)

سلیم صافی (پی ڈی ایم۔ آگے کیا ہو گا؟)

صافی صاحب اصل بات یہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مل کر حکومت گرانا چاہتی ہیں۔ ان جماعتوں میں اتفاق نہیں ہے کیونکہ یہ سب اپنے فائدے کے لیے پی ڈی ایم میں شامل ہیں۔ (شاہ زیب خان، لاہور)

حامد میر (25جنوری2021) غلط فہمیاں

آپ کا کالم پڑھا تو میرے ذہین میں یہ سوال پیدا ہوا کہ اگر عمران خان پر لگے الزام ثابت ہو بھی جائیں تو کیا نواز شریف اور زرداری پر لگے الزام ختم ہو جائیں گے؟ ( محمد انور خان)

انصار عباسی (25جنوری2021) نواز شریف کی کرپشن

ایسا شاہانہ رہن سہن کرپشن سے ہی ممکن ہے۔ ان کی اٹھان اور عروج، ان کے اقتدار کی بنیاد پر ہی رہا ہے۔ اگر غور کیا جائے تو پاکستان میں کسی بزنس فیملی کے اثاثے اتنی تیزی سے نہیں بڑھے۔ (محمد انور)

بلال الرشید (24جنوری2021) ایک ہی کہانی

بلال صاحب آپ کے تمام کالم نہایت جاندار ہوتے ہیں۔ یہ کالم بھی قاری کے تخیل کو وسعت دینے کے لیے نہایت مفید ہے۔ آپ نے تحریر میں انسانی نفسیات کو عمدگی اور اختصار کے ساتھ قلم بند کیا ہے۔ (تانیہ شہزاد، سیالکوٹ)

محمد مہدی (25 جنوری2021) امام احمد بن حنبل، مشعلِ راہ

امام احمد کے واقعہ کا ذکر آج کے نظریات پر کاربند رہنے والوں کے لیے محمد مہدی کی ایک بہترین کاوش ہے۔ معدودے چند لوگ ہی سختیاں برداشت کرنے کے بعد اپنی کامیابیوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ پاتے ہیں۔ (فراز نقوی، اسلام آباد)

جی این مغل (26جنوری2021) آئین کی توہین کیوں کی جا رہی ہے؟

قائداعظم نے مسلمانوں کے لیے الگ ملک تو بنا دیا لیکن اس ملک میں بننے والے آئین پر آج تک کوئی خاص عمل نہ ہو سکا البتہ پاکستان ہمارے لیے ایک تحفہ ہے۔ (حیا مغل، کوئٹہ)

وجاہت علی خان (24جنوری2021) پاکستان، برطانیہ اور فرق

علم و تحقیق کی وجہ سے برطانوی قوم نے اپنی اخلاقی اقدار کو بلندیوں تک پہنچایا لیکن یہ افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں معاشرتی اقدار حرص ولالچ کی نذر ہو چکی ہیں۔ (ارمان ناصر، سیالکوٹ)

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن (29 جنوری2021) اعلیٰ تعلیم میں حیرت انگیز پیش رفت

آپ کی محنت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے روزِ اول سے ہی قابل قدر رہی ہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دور میں میڈیا نے معلومات جمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن میڈیا کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔ (ماجد حامد ناصر)