ایف سی ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 4 کروڑ کی گرانٹ منظور

February 03, 2021

اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایف سی ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ایف سی ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 4 کروڑ روپے، ایف سی خیبر پختونخوا کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے ایک کروڑ روپے جبکہ ایف سی بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزارت اطلاعات کی جانب سے کوروناوائرس کی اشتہاری مہم کے لیے 14 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی ہے جبکہ وزارت ہاؤسنگ کی پاکستان کوارٹرز کی لیز میں توسیع کی سمری منظور کر لی گئی ہے۔

ذرائع اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق سوئی سدرن اور فوجی فرٹیلائزر کے درمیان گیس معاہدے میں توسیعکی گئی ہے جبکہ سوئی سدرن کو 8 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہمی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔