معارفِ فکرِ اقبال

February 21, 2021

مصنّف: طالب حسین ہاشمی

صفحات: 224

قیمت: 700 روپے

ناشر: بُک کارنر، جہلم۔

شاعرِ مشرق، علّامہ محمّد اقبالؒ کی شخصیت اور فکر و فن پر جس قدر لکھا گیا ہے اور لکھا جا رہا ہے، کم ہی شعراء محقّقین کی اِتنی توجّہ حاصل کر پائے ہیں۔ زیرِ نظر کتاب میں علّامہ اقبال کے نظامِ فکر کی تکون‘ اُن کا عشقِ ختم المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم‘ قرآنِ پاک سے تعلق‘ فلسفۂ خودی‘ نظریۂ فن‘ عقیدۂ ختمِ نبوّت‘ مغربی تہذیب پر تنقید‘ فلسفۂ تعلیم اور شاہین‘ ملّت‘ عقل و عشق‘ تصوّف‘ اجتہاد‘ خیر و شر‘ زمان و مکان‘ تقدیر‘ جبر و قدر اور مردِ مومن جیسے تصوّرات پر مقالات شامل ہیں۔

گو کہ اِن موضوعات پر پہلے بھی بہت کچھ لکھا جاچُکا ہے‘ تاہم اِن مقالات میں نوجوان نسل کی ذہنی سطح کے پیشِ نظر بھاری بھر کم اصطلاحات اور مشکل تراکیب سے گریز کرتے ہوئے عام فہم زبان اور اختصار سے کام لیا گیا ہے۔ چوں کہ مصنّف شعبۂ تدریس سے وابستہ ہیں‘ اِس لیے بھی نوجوان نسل کی ذہنی و علمی سطح اور فکری انتشار سے بخوبی واقف ہیں۔ مروّجہ تحقیقی اصولوں کی پاس داری کرتے ہوئے حوالہ جات کا بھی خاص طور پر اہتمام کیا گیا ہے۔ اقبال کے فکر کی وسعت‘ گہرائی اور گیرائی سے شناسائی کے لیے یہ ایک مفید کتاب ہے۔