پی ایس ایل میں بنائی گئی ہیٹ ٹرکس

February 20, 2021

پاکستان سپر لیگ میں ویسے تو کئی ریکارڈز بنے اور ٹوٹے ہیں اور کئی دلچسپ واقعات ہوئے ہیں لیکن کئی ریکارڈز سدا بہار ہیں جن کا ذکر اس وقت ضرور آئے گا جب بھی اس جیسا واقعہ پیش آئے گا،بولرزکا ایک کارنامہ ہیٹ ٹرک بھی ہے،ہیٹ ٹرک کسی بھی بولر کے کیریئر کا اہم ترین اور یاد گار واقعہ ہوتا ہے اور ویسے بھی دنیائے کرکٹ میں ہیٹ ٹرکس کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے 5ایڈیشن میں اب تک 4بار ہیٹ ٹرکس ہوچکی ہیں۔2017 اور 2020کے ایڈیشن اس کےبغیر گزرے ہیں پہلی ہیٹ ٹرک 2016اور دوسری وتیسری 2018 اور چوتھی ہیٹ ٹرک 2019میں ہوئی۔ملتان سلطانز کے 2 جبکہ کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کاایک ایک کھلاڑی ہیٹ ٹر ک کا کارنامہ سر انجام دے چکا ہے۔

پی ایس ایل میں پہلی ہیٹ ٹر ک 5 فروری 2016 کو پہلے ایڈیشن میں ہوئی، پاکستانی پیسر محمد عامر نے کراچی کنگزکی نمائندگی کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے خلاف یہ پہلا کارنامہ سر انجام دیا،مقام دبئی اسٹیڈیم تھا، نہوں نے ڈیون براوو،زوہیب خان، کیون کوپر کو شکار کیا.اس کے 2سال بعد یہی میدان تھا،تیسری لیگ تھی اور بولر جنید خان تھے،جب ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کا میچ 23فروری 2018کو کھیلا جارہا تھا۔

سلطانز کے جنید خان نے یاسر شاہ ،کیمرون دلپورٹ اورحسن رضا کو شکار کیا۔اس کے چند دن بعد پاکستان سپر لیگ کی تیسری ہیٹ ٹرک پاکستانی نژاد جنوبی افریقن اسپنر عمران طاہر نےکی، ملتان سلطانز کی نمائندگی کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےحسن خان،جان ہیسٹنگز اورراحت علی کو نشانہ بنایا،اس بار شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کا میدان تھا.22فروری 2019کو شارجہ ہی میں اسلام آباد یونائیٹد کے محمد سمیع نےپشاور زلمی کےوہاب ریاض، عمید آصف اورحسن علی کا نشانہ تاک کر ہی ایس ایل کی چوتھی اور اب تک کی آخری ہیٹ ٹرک کی.پہلی 3 ہیٹ ٹرکس شعیب ملک کی کپتانی میں ہوئی تھیں جو اپنی جگہ منفرد سی بات ہے۔