سچ تو یہ ہے؟

February 28, 2021

مصنف: ڈاکٹر صفدر محمود

صفحات: 238، قیمت: 600 روپے

ناشر: قلم فائونڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، بینک اسٹاپ، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔

ڈاکٹر صفدر محمود، پاکستانیات، قائدِاعظم اور روحانیت کے حوالے سے اپنی نمایاں شناخت رکھتے ہیں ۔ان موضوعات پر ان کی کئی کتب منظرِعام پر آچُکی ہیں۔صاحبِ کتاب کی تحقیقی خدمات کا دائرہ خاصا وسیع ہے۔ تحریکِ پاکستان اور قائدِاعظم کے حوالے سے انہیں اتھارٹی تسلیم کیا جاتا ہے۔ حال ہی میں ڈاکٹر صفدر محمود کی زیرِ تبصرہ کتاب منصۂ شہود پر آئی ہے، جس میں شامل ہر مضمون پڑھنے والوں کو دعوتِ غور و فکر دیتا ہے۔ یہ ایک ایسی تحقیقی کتاب ہے، جس نے تحریکِ پاکستان اور قائدِاعظم کے حوالے سے متعدد غلط فہمیاں دُور کردی ہیں۔ اس کتاب میں انہوں نے تاریخی شواہد سے ہر معترض کا جواب دیا ہے۔

یہ کتاب لکھنے کا بنیادی مقصد تاریخِ پاکستان کو مسخ کرنے کی سازشیں ناکام بنانا، قائدِ اعظم سے بدظن کرنے کے لیے لگائے گئے الزامات، مَن گھڑت تاریخی افسانوں اور جھوٹے پروپیگنڈے کو تاریخی مستند شواہد سے بے نقاب کرنا اور سچ کو سامنے لانا ہے۔ یوں تو قائدِ اعظم کی شخصیت اور خدمات کے حوالے سے لاتعداد کتب منظر عام پر آچُکی ہیں، لیکن مخصوص الزامات کا مستند جواب اور مدلّل وضاحت شاید اس کتاب کے علاوہ کسی اور میں نہ ملے۔ ڈاکٹر صفدر محمود کی دیگر کتابوں کی طرح یہ بھی تاریخ کے طلبہ کے لیے روشنی کا مینار ثابت ہوگی۔