جھوٹ بے وفا ہوتا ہے…

February 28, 2021

ہماری اور جھوٹ کی شروع ہی سے نہیں بنی، اس لیے کہ جھوٹ ہماراسب سے بڑا دشمن ہے۔ اگر کہیں اس سے سامنا ہوجائے تو ہمارا خون کھول اُٹھتا ہے۔ اگر آپ سوچ رہےہیں کہ ہمارے ساتھ کسی ’’جھوٹ‘‘نامی شخص نے بے وفائی کی یا دھوکا دیا ہے تو آپ غلط ہیں ،کیوں کہ ہم اُسی جھوٹ کی بات کر رہے ہیں، جسے بولے بغیر آج کل ہم میں سے کسی کا دن گزرتا ہے اور نہ ہی گزارہ ہوتا ہے۔

غور کریں تو معلوم ہوگا کہ ہماری زندگیوں میں جھوٹ اس حد تک سرایت کر چُکا ہے، جیسے زندہ رہنے کے لیے ہوا اور پانی۔ جس جھوٹ کے سہارے ہم آگے بڑھنا ، کام یابیوں کے اُفق تک پہنچنا چاہتے ہیں، دَرحقیقت وہی ہمیں وقت پڑنے پر دغا دے دیتا ہے کہ جھوٹ کے پیر نہیں ہوتے اور سچ ایک نہ ایک دن سب کے سامنے آہی جاتا ہے۔ اور تب ہمارے پاس سوا ئے شرمندہ ہونے کے اور کچھ نہیں ہوتا۔ لہٰذا، یاد رکھیں کہ حالات چاہے کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں، کبھی اپنی غلطی چُھپانے، آگے بڑھنے کے لیے جھوٹ کا سہارا نہیں لینا چاہیے، کیوں کہ سچ سامنے آنے پر جھوٹے انسان کی قدر ایک ٹکے کی بھی نہیں رہتی۔ ( اعجاز احمد بھیو، کندھ کوٹ)