ہیتھرو ائیرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں 73فیصد کمی

February 25, 2021

لندن (سعید نیازی) برطانیہ کے مصروف ترین ائیرپورٹ ہیتھرو کو گزشتہ برس اپنی 75 سالہ تاریخ کے سخت ترین دور سے گزرنا پڑایہاں مسافروں کی تعداد 73 فیصد کم ہوگئی اور سالانہ 2 بلین پائونڈ کا نقصان ہوا۔ ایک رپورٹ کے مطابق 2019ء میں ہیتھرو ائیرپورٹ کو استعمال کرنے والے مسافروں کی تعداد 80.9 ملین تھی جو کہ 2020ء میں کم ہوکر 22.1 ملین ہو گئی ان میں سے بھی نصف تعداد نے وبا کے آغاز سے قبل ائیرپورٹ استعمال کیا۔ مسافروں کے ائیرپورٹ استعمال کرنے کی یہ شرح اس سے قبل 1970ء کی دہائی میں دیکھنے میں آئی تھی۔ ایئرپورٹ کے اخراجات کم کرنے کیلئے ایک تہائی مینجمنٹ ٹیم کو فارغ کردیا گیا تھا اور فرنٹ لائن پر کام کرنے والے 25 فیصد عملہ نے رضا کارانہ طور پر ریڈنڈنسی لے لی تھی۔ ائیرپورٹ کے چیف ایگزیکٹیو جان ہالینڈ نے کہا ہے کہ 2020ء ائیرپورٹ کی تاریخ کا مشکل ترین سال تھا۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ اس موسم گرما میں لوگ تعطیلات گزارنے بیرون ملک جاسکیں گے۔ حکومت کے لاک ڈائون کو ختم کرنے کے روڈ میپ کے مطابق مئی کے وسط کے بعد انٹرنیشنل ٹریول شروع کیا جائے گا۔