انگلینڈ کے تمام اسکول 8 مارچ سے کھل جائیں گے

February 25, 2021

الندن (پی اے)انگلینڈ کے تمام اسکول 8 مارچ سے دوبارہ کھل جائیں گے۔ وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کردی ہے،ا سکول اس ہفتے کے دوران ایک ہی مرحلے میں دوبارہ کھلنے کے بارے میں فیصلہ کرنے کے اہل ہوں گے۔ سکینڈری اسکولوں میں اجتماعی کوویڈ ٹیسٹنگ ہوگی،اسکول میں تین ٹاسٹوں کے بعد گھر پر والدین کے ٹیسٹ کرنے کی توقع ہے۔ سکینڈری طلباء کے لئے گھر پر ٹیسٹنگ ہفتے میں دوبار ہوگی۔ بہرحال پرائمری کے طلباء کے لئے ابھی تک ٹیسٹنگ کی منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے کچھ سکینڈری اسکولوں کے کلاس رومز میں فیس ماسکس کی ضرورت بھی ہوگی۔ اسکولوں کے کھلنے پر حاضری لازمی ہوگی اور جرمانے کئے جاسکیں گے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے پیر کی شام پریس کانفرنس میں بتایا کہ شہادتوں سے ثابت ہوا ہے کہ اسکول محفوظ ہیں اور بچوں کو کوویڈ سے خطرہ کم ہورہا ہے، بہرحال اطمینان کے لئے ہم سکینڈری اسکول اور کالج کے طلباء کے لئے ہفتے میں دوبار ٹیسٹنگ متعارف کرا رہے ہیں اور ان سے کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنی بقیہ ٹرم کے لئے ماسک استعمال کریں۔ لیبر لیڈر سر کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ تمام بچوں کی جلدازجلد اسکولوں میں واپسی اور ان کے اسکول میں رہنے کو ترجیح دی جانی چاہئے تاہم اے ایس سی ایل ہیڈ ٹیچرز یونین کے لیڈر جیف بارٹن نے ایک ہی وقت تمام بچوں کی اسکول واپسی پر انفیکشن کی شرح میں اضافے کے خطرے کی وارننگ دی ہے۔ برطانیہ کے چیف میڈیکل ایڈوائزر کرس وٹی نے اسکول واپسی کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ اس چھوٹے سے خطرے کے مقابلے میں فوائد زیادہ ہیں۔ انہوں نےکہا کہ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے لئے ٹیسٹنگ، ماسک کے زیادہ استعمال سمیت اضافی حفاظتی اقدامات اپنی جگہ ہیں۔ محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ جہاں سماجی دوری برقرار نہیں رکھی جاسکتی وہاں فیس ماسک لازمی ہوگا تاہم نیشنل ڈیف چلڈرنز سوسائٹی نے وارننگ دی ہے کہ کلاس رومز میں فیس ماسک کا استعمال بہرے بچوں کی تعلیم حاصل کرنے کی اہلیت پر تباہ کن اثر کا حامل ہوگا۔ نیشنل ایجوکیشن یونین نے کہا ہے کہ اسکول دوبارہ کھولنے کے منصوبے سے ثابت ہوا ہے کہ وزیراعظم اپنے محتاط الفاظ کے باوجود اپنی پچھلی غلطیوں سے سبق حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔ اساتذہ کی سب سے بڑی یونین کی جوائنٹ لیڈر میری بوسٹڈ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے گزشتہ ستمبر میں اسکولوں کے دوبارہ کھلنے کے موقع کے مقابلے میں اس دفعہ کیسوں کی تعداد تین گنا ہے۔ دریں اثناء منسوخ شدہ جی سی ایس ای ایس اور اے لیول کی جگہ اساتذہ کے گریڈز لئے جارہےہیں اس بارے میں تفصیلات جمعرات کو متوقع ہیں۔ ادھر اسکاٹ لینڈ میں پرائمری کے تمام بچے اسکول واپس جاچکے ہیں۔ مزید بچوں کے اسکول کھولنے کے بارے میں فیصلہ ابھی کیا جانا باقی ہے۔ ویلز میں بھی پرائمری اسکول کے بچے اسکول واپس جاچکے ہیں۔