گرین بس، 24 کلومیٹر ٹریک کا فیز ون تیار، فیز 2 مارچ میں مکمل ہوگا

February 25, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے گرین لائن بس سروس سے متعلق خوشخبری سنادی۔ سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو جوابی دلائل کیلئے تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی۔ بدھ کو جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی۔ رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا کہ 24کلومیٹر ٹریک کا فیز ون مکمل ہوچکا ہے۔ دوسرا فیز مارچ 2021تک مکمل ہوجائیگا، 80بسیں جلد کراچی پہنچ جائیں گی،تمام ٹینڈرز ہوچکے ہیں،گرین لائن اور اورنج لائن بسوں کیلئے چینی کمپنی سے معاہدہ طے پاگیا،گرین بس چلانے کیلئے سندھ حکومت سے مکمل تعاون کیا جائیگا، گیارہ ارب روپے سے تکمیل کو پہنچنے والا منصوبہ سندھ حکومت کے حوالے کیا جائیگا، 24کروڑ روپے کی لاگت تیار منصوبہ میں 24اسٹیشنز بنائے جائینگے۔