ساس پر تشددکے الزام میں بہو گرفتار

February 25, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کلفٹن پولیس نے ساس کو تشدد کا نشانہ بنانے والی بہو کو گرفتار کرلیا ، خاتون کے خلاف اس کے شوہر نے مقدمہ درج کرایا تھا ،پولیس کے مطابق کلفٹن بلاک5 کے رہائشی غلام علی نے پولیس کو بتایا کہ میری اہلیہ افشاں، ماں کو تشدد کا نشانہ بناتی ہے، جس کی ویڈیو بھی موجود ہے ، مدعی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے جس کی 70 سالہ بیوہ ماں اکثر بیمار رہتی ہے، جس کی دیکھ بھال کے لیے اس نے ماسی رکھی ہوئی ہے ، شام کو جب وہ واپس آیا تو اس کی ماں کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے ، اہلیہ سے معلوم کیا تو اس نے کہا کہ بیماری کے باعث گرگئی تھیں جس سے انھیں چوٹیں آئی ہیں ، ماسی سے معلوم کیا تو اس نے بتایا کہ آپ کی بیوی نے ماں پر تشدد کیا ہے۔