اسٹیٹ آف ٹیرر، ہلری کلنٹن کی نئی کتاب اکتوبر میں آئے گی

February 25, 2021

واشنگٹن (اے ایف پی /جنگ نیوز )امریکی سابق خاتونِ اوّل، سابق وزیرِ خارجہ اور 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ڈیموکریٹس کی صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن کی ایک کتاب جلد منظرِ عام پر آنے والی ہے۔کتاب کے ناشر ʼسائمن اینڈ شسٹر اور ʼسینٹ مارٹنز پریس ہیں۔ جن کا کہنا ہے کہ ہلری کلنٹن نے یہ کتاب کینیڈین مصنفہ لوئز پینی کے ساتھ مل کر لکھی ہے جو رواں برس اکتوبر میں شائع ہو گی۔پبلشرز کے مطابق ʼاسٹیٹ آف ٹیرر نامی کتاب 12 اکتوبر کو کتب خانوں کی زینت بنے گی۔ یہ کتاب ایک ایسی وزیرِ خارجہ کی کہانی سنائے گی جو ایسے دور میں فرائض انجام دے رہی تھیں جب "تواتر سے ہونے والے دہشت گرد حملوں نے عالمی امن کو بدنظمی میں دھکیل دیا۔"اے ایف پی کے مطابق اگرچہ کتاب میں کھل کر سابق صدر ٹرمپ کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا لیکن پبلشرز کے مطابق یہ کتاب "ان چار برس بعد شائع کی جا رہی ہے جن کے دوران امریکہ کی لیڈر شپ عالمی منظر نامے پر سکڑ گئی تھی۔"دوسری جانب ہلری کلنٹن نے کینیڈین مصنفہ کے ساتھ کتاب لکھنے کو ایک خواب پورا ہونے سے تعبیر کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لوئز پینی کی ہر کتاب، ان میں تراشے گئے تمام کردار مجھے راحت بخشتے ہیں اور ان کی دوستی بھی۔