ژو ب میں وکلاء کے بجلی کنکشن کاٹناغیرقانونی ہے‘ بلوچستان بارکونسل

February 25, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان بار کونسل کےرکن قاری رحمت اللہ کاکڑ ایڈووکیٹ نے کیسکواہلکاروں کی جانب سے ژوب بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کےساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیسکو اہلکاروں نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے ژوب کے تمام وکلاء کے چیمبرز کی بجلی کے کنکشن کاٹ دیئے ہیں اس عمل میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ژوب بار ایسوسی ایشن نے کیسکو ژوب کیخلاف ایک مقدمہ دائر کیا تھا جس میں معزز عدالت نے کیسکو سے لوڈشیڈنگ اور بجلی کی فراہمی کی بابت شیڈول طلب کیا تھا 23 فروری کو کیسکو اہلکاروں نے احاطہ عدالت میں ژوب بار ایسوایشن کے عہدیداروں کے ساتھ پہلے تلخ کلامی اور پھر نازیبا الفاظ استعمال کیے اور تمام وکلاء کے چیمبرز کے میٹرز اتارکر کنکشن کاٹ دیئے جو غیرقانونی عمل ہے جبکہ گزشتہ روز سے ژوب شیرانی کو بجلی کی فراہمی معطل کردی گئی ہے جو تاحال بحال نہیں کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ کیسکومتعلقہ حکام کے اس غیرقانونی عمل کیخلاف وکلاء نے ایف آئی آر درج کرائی ہے اس ناروا عمل اور بجلی کی بندش کیخلاف عوام نے بھی وکلاء کیساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے بدھ کو بلوچستان بار کونسل کی کال پر صوبے کی تمام عدالتوں کا بائیکاٹ کیا گیا انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ غیرقانونی عمل میں ملوث اہلکاروں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے بصورت دیگر سخت اقدام اٹھانے پر مجبور ہوںگے ۔