بھارتی حکومت کی اسٹیڈیم کا نام بدلنے پر وضاحتیں

February 25, 2021

بھارتی شہر احمد آباد میں کرکٹ اسٹیڈیم کو وزیر اعظم مودی کے نام سے منسوب کرنے پر بھارت میں تنازع کھڑا ہوگیا، سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے بعد حکومت کو وضاحت کرنا پڑ گئی۔

احمد آباد میں قائم سردار پٹیل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے بعد اُس کا افتتاح تو بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے کیا، لیکن اسٹیڈیم کو اب نریندر مودی اسٹیڈیم کا نام دے دیا گیا جس کےبعد سوشل میڈیا پر ایک طوفان کھڑا ہوگیا ۔

بھارتی عوام اور میڈیا حکمرانوں کی اس حرکت پر چراغ پا ہیں، تنقید اور حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ جب ایک اسٹیڈیم پہلے سے ہی ایک نام سے موسوم تھا تو اس کو تبدیل کیوں کیا گیا ہے؟

کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹی کے رہنماؤں نے بھی اس پر شدید تنقید کی، ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ نام تبدیل کرنا توہین کے مترادف ہے، ہر طرف سے تنقید کے بعد حکومت کو وضاحتیں کرنا پڑ گئیں کہ صرف اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا گیا ہے اسپورٹس کمپلیکس بدستور سردار پٹیل کے نام پر رہے گا ۔

واضح رہے کہ احمد آباد میں قائم یہ دُنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے جس میں ایک لاکھ 32 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔