ہماری پارٹی کٹ گئی ہے، ویویک اوبرائے بھی پاوری گرل سے متاثر

February 25, 2021

بالی ووڈ کے معروف اداکار ویویک اوبروئے بھی پاکستانی لڑکی دنانیر مبین کے پاوری ٹرینڈ کا حصہ بن گئے۔

گزشتہ روزویویک اوبروئے کے خلاف ویلنٹائن ڈے کے موقع پر بغیر ماسک اور ہیلمٹ لگائے اہلیہ کے ہمراہ موٹرسائیکل چلانے پر ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

اب ویویک اوبرائے نے چالان کاٹنے پر ممبئی پولیس کو شاعرانہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

ویویک اوبرائے نے اپنے ویڈیو پیغام میں پاوری گرل دنانیر مبین کا منفرد انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہم ہیں، یہ ہماری بائیکس ہیں اور یہاں ہماری پاؤٹی (پارٹی) کٹ گئی ہے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے ویڈیو کے کیپشن میں ممبئی پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس کے ساتھ ہی ’پاوری نہیں ہورہی ہے‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ ویویک اوبروئے نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ اہلیہ کے ہمراہ ماسک اور ہیلمٹ پہنے بغیر ممبئی کی سڑکوں پر موٹر بائیک چلارہے تھے۔

بالی ووڈ اداکار کی یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد انسٹاگرام صارفین نے اُن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ویویک اوبروئے نے کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی عوام کو غلط پیغام دیا ہے لہٰذا ان کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔