بھوپال میں کچی آبادی کے مکینوں پر دھوکے سے کوویڈ ویکسین کا تجربہ

February 26, 2021

بھارتی شہر بھوپال میں لوگوں کو دھوکہ دے کر کوویڈ ویکسین کا تجربہ کیا گیا۔ بھوپال کی کچی آبادی شنکر نگر کے غریب لوگوں کو اس کے بدلے 750 روپے دیئے گئے۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بھارت کی مقامی کوویڈ ویکسین ’کوویکسن‘ کا کلینیکل ٹرائل تھا جس میں قواعد کی خلاف ورزی کی گئی۔

امریکی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شنکر نگر کے غریب رہائشیوں کو کوویڈ ویکسین کا کہہ کر اُن پر کلینیکل تجربہ کیا گیا۔

متاثرین کے مطابق انہیں کہا گیا کہ اگر ویکسین نہ لگوائی تو کورونا ہو جائے گا۔ کلینیکل ٹرائل میں آدھے لوگوں کو تجرباتی ویکسین اور بقیہ نصف کو انجیکشن میں بے ضرر سیال دیا گیا۔

پلاسیبو پانے والے آدھے لوگ سمجھتے رہے کہ وہ کوویڈ سے محفوظ ہو گئے ہیں اور اُنہوں نے حفاظتی اقدامات کم کر دیئے۔

شنکر نگر کی کچی آبادی 1984 کے بھوپال گیس سانحے کی مرکزی یونین کاربائیڈ فیکٹری سے صرف 3.7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔