ایچ بی ایل پی ایس ایل، ردرفورڈ، وہاب کے چھکوں نے پانسہ پلٹ دیا، زلمی کی شاندار فتح

February 27, 2021

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے پشاور زلمی نے یقینی فتح چھین لی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعے کو ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کوئٹہ نے کپتان سرفراز احمد کے 40گیندوں پر 81،اعظم خان کے 26 گیندوں پر 47 اور ڈوپلیسی کے 37رنز کی بدولت سات وکٹ پر ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل 198حاصل کیا۔ پشاور زلمی نے ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ حیدر علی 50، امام الحق 41 اور شعیب ملک 34رنز کی ساتھ نمایاں رہے۔ ردر فورڈ نے چار چھکوں کی مدد سے36 اور وہاب ریاض نےدو چھکوں کی مدد سے20 رنز بناکر فتح آسان کردی۔ ڈیل اسٹین کے 19ویں اوور میں 21 رنز بن گئے۔تین چھکوں نے میچ پلٹ دیا۔حسنین نے آخری اوور کی تیسری گیند پر وائیڈ بال پر پانچ رنز دے کر میچ زلمی کو دے دیا۔قبل ازیںسلطانز کے دربار میں قلندرز کے سر جھک گئے۔ ملتان نے محمد رضوان اور صہیب مقصود کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پہلی جیت حاصل کرلی۔ دو فتوحات کے بعد لاہور کو پہلی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعے کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں میچ میں ناکام ٹیم نے 6 وکٹ پر 157 رنز بنائے۔ سلطانز نے ہدف 22 گیندیں قبل 3وکٹ پر حاصل کرلیا۔ کپتان محمد رضوان کو 155سے زائد کے اسٹرئیک ریٹ کے ساتھ 76 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سلطانز نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنر کرس لین اننگز کی تیسری ہی گیند پر صفر اور جیمز ونس 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ رضوان نے صہیب مقصود کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 110رنز کی عمدہ پارٹنرشپ قائم کرکے جیت کی بنیاد رکھی۔ رضوان نے ایونٹ میں دوسری نصف سنچری بنائی۔ انہیں شاہین آفریدی نے پویلین کی راہ دکھاکر اپنے ٹی ٹوئنٹی کیرئیر کی 100ویں وکٹ حاصل کی۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے کم عمرترین فاسٹ بولر ہیں۔ صہیب مقصود نے 61 ناقابل شکست رنز 7 چوکے اور 2 چھکے لگا کر بنائے۔ رائیلی روسو ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ سمت پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ فخر زمان 9 اور سہیل اختر 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔17 کے مجموعی اسکور پر ابتدائی 2 وکٹیں گنوانے کے بعد محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کےلیے ڈیبیو کرنے والے انگلش کرکٹر جو ڈینلی کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ شروع کیا اور تیسری وکٹ پر 89 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد حفیظ نے 35 گیندوں پر 5 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ان کی ٹی ٹوئنٹی میں مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر 41 ویں نصف سنچری تھی۔ جو ڈینلی 31رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد لاہور قلندرزکے تیزی سے بننے والے رنز کا سلسلہ تھم گیا۔ سمت پٹیل 20 گیندوں پر 26 اور شاہین شاہ آفریدی 3 گیندوں پر 3 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ڈیوڈ ویزے 13 اور بین ڈنک 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔کارلوس بریتھ ویٹ اور شاہنواز دھانی نے 2،2 جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔