فائزر / بائیواین ٹیک کی دو خوراک سے بڑی مقدارمیں اینٹی باڈیز کی تیاری

February 27, 2021

لندن ( پی اے ) نئی تحقیق سے پتہ چلاہے کہ فائزر / بائیو این ٹیک کورونا وائرس ویکسین کی دو خوراک حاصل کرنے والے ہر عمر کے لوگوں میں بڑی تعداد میں اینٹی باڈیز بڑھ رہی ہیں۔تاہم ، یہ ظاہر کرنے کے لئے وافراعداد و شمار موجود نہیں کہ کہ مثبت اینٹی باڈی ٹیسٹ کے نتیجے میں کوئی شخص وائرس سے کیسے محفوظ ہوسکتا ہے ، اور اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ان میں وائرس سےمدافعت موجود ہے۔ 26 جنوری اور 8 فروری کے درمیان 154000سے زائد شرکاء کے گھروں پر کئے گئےفنگر پرک ٹیسٹ کے استعمال سے نتائج میں یہ دکھایا گیا ہے کہ 13.9 فیصد آبادی کو انفیکشن یا ویکسینیشن کی وجہ سے اینٹی باڈیز تھیں۔ان شرکاء میں سے17000 سے زیادہ افراد کو کم از کم ایک کوویڈ ۔19 ویکسین کی خوراک مل چکی تھی۔اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ فائزر بائیو این ٹیک کی دو خوراک لینے کے بعد 80سال سے زیادہ عمر کے 87.9 فیصد لوگوں میں اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آئے۔ اس کی شرح 60 سال سے کم عمر افراد میں 95.5 فیصد اور 30 ​​سال سے کم عمر افراد میں 100 فیصدہو گئی۔ امپیریل کالج لندن اور ایپسوس ایم اوآرآئی سٹڈی ’’ری ایکٹ 2 ‘‘ میں بھی ویکسین پر اعلی اعتماد ظاہر کیا گیا ہے۔ سروے کے شرکا میں سے 90 فیصد نے قبل ازیں کہا کہ ہ ویکسین لینے کے لئے تیار ہیں یا پہلے ہی قطرے پی چکے ہیں۔لیکن ویکسین پر اعتمادکا اظہار عمر ، جنس اور نسل کے لحاظ سے مختلف پایا گیا۔ اس کی شرح سفید فام میں 92.6 فیصد اور سیاہ فام میں72.5 فیصد پائی گئی۔امپیریل کالج لندن پر ری ایکٹ پروگرام کے ڈائریکٹر پروفیسر پال ایلیٹ نے کہا کہ مجموعی طور پر بائیو ٹیک کی دو خوراک اینٹی باڈیز مستحکم کرنےکے لحاظ سے بہت متاثر کن ہیں ، اور ان لوگوں میں بھی جنہیں پہلے انفیکشن ہوا تھا ایک خوراک موثر پائی گئی۔ جن افراد نے ویکسین نہیں لی ان میں اینٹی باڈیز کا پھیلائو سب سے زیادہ لندن میں16.9 فیصد ، سیاہ فام میں22.1 فیصد اور ایشیائی نسل کے افراد میں20فیصد ، اور 18 سے 24سال عمر کے جوانوں میں 14.5 فیصد ہے۔ان افراد میں جنہوں نے 21 دن کے بعد فائزر / بائیو این ٹیک کی ایک خوراک لی تھی ، 30 سال سے کم عمر افراد میں اینٹی باڈیز تناسب کی جانچ 94.7 فیصد تھی جبکہ 60 سے 64 سال کی عمر میں 73.7 فیصد اور 80 سال سے زیادہ عمر والوں میں 34.7 فیصد پائی گئی۔ ان لوگوں میں جنہوں نے پہلے کوویڈ 19 سے متاثر ہونےکی تصدیق کی تھی یا اس پر شبہ کیا تھا ، ان میں 88.8 فیصد اینٹی باڈیز مثبت تھی۔وزیرصحت ، میٹ ہینکوک نے کہا کہ ان نتائج سے پورے برطانیہ اور مختلف گروپوں میں اینٹی باڈیز کی شرح پر واضح روشنی پڑتی ہے ، کیونکہ ہم کوویڈ 19 کے بارے میں اپنا علم مستحکم کررہے ہیں۔ یہ دیکھنا حیرت انگیز ہے کہ سروے میں شامل 90 فیصد لوگوں نے ویکسین قبول کرلی یا پہلے ہی قبول کر چکے تھے ۔