ایکواڈور کی جیلوں میں فسادات‘75 قیدی ہلاک

February 27, 2021

کیٹو ( نیوز ڈیسک) ایکواڈور کی قیدیوں سے بھری 3 جیلوں میں ہونیوالے خوں ریز فسادات میں 75 قیدی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سیکورٹی فورسز جیلوں کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے لڑائی میں مصروف رہے جب کہ قیدیوں کے پریشانی میں مبتلا اہل خانہ مغربی بندرگاہی شہر گویا کویل میں جیل کے باہر معلومات کے منتظر رہے، جہاں حکام کے مطابق 21 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے علاوہ جیل انتظامیہ کے ڈائریکٹر ایڈمنڈو مونکائیو کے مطابق جنوب میں کوئنکا جیل میں 33 اور وسط میں واقع لاتاکنگا جیل میں 8 افراد ہلاک ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مختلف گروہوں کے درمیان جھگڑے سے پیدا ہونے والے فساد میں قیدیوں کو فائرنگ اور چاقوؤں کے حملوں سے ہلاک کیا گیا۔ اس دوران 800 سے زائد پولیس اہل کاروں نے کارروائی میں حصہ لیا۔ طبی ذرائع کے مطابق درجنوں زخمیوں میں کئی پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ گروپوں میں قیادت کے معاملے پر ہنگامہ ہوا جب کہ جیلوں میں تلاشی لینے اور ہتھیار برآمد کرنے کے بعد فسادات کا خاتمہ ممکن ہوا۔ انتظامیہ نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی طلب کیا تھا۔