مکیش امبانی کے گھر کے قریب بارود سے بھری گاڑی برآمد

February 27, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) ایشیا کے امیر ترین شخص اور بھارتی کھرب پتی تاجر مکیشن امبانی کی ممبئی میں رہائش گاہ کے قریب سے بارود سے بھری گاڑی ملنے کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری، دوسری جانب مکیش امبانی ایک بار پھر ایشیا کی امیر ترین شخصیت بن گئے ہیں ، چینی ٹائیکون زونگ شین شان کے اثاثوں کی مالیت میں 22ارب ڈالر کمی کے بعد مکیش امبانی ایک بار پھر ایشیا کی امیر ترین شخصیت بن گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بھارتی ارب پتی تاجر کے گھر کے باہر ایک بارود سے بھری گاڑی ملی ہے ۔ گاڑی گھر سے 400میٹر کے فاصلےپر کھڑی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گاڑی سے ایک خط بھی ملا ہے جس میں بھارتی صنعت کار اور ان کے خاندان کو مستقبل میں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ بھارتی میڈیا نے مقامی پولیس کے حوالے سے بتایا کار میں دھماکا خیز مواد جلیٹن مادے سے بنا ہوا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق کار گذشتہ رات 1 بجے کے قریب کھڑی تھی۔ممبئی پولیس کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی کارمائیکل روڈ پر کھڑی تھی۔ بم کا سراغ لگانے اور اُسے زائل کرنے والی اسپیشل فورس اور دیگر ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔مہاراشٹر کے وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ ممبئی کرائم برانچ اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔ حقیقت جلد سامنے آئے گی۔