چوہڑ میں وہیکل انسپکشن سرٹیفکیشن سنٹر 6ماہ میں قائم ہو گا‘ کمشنر

February 27, 2021

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) محمد محمود نے ہدایت کی ہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ٹریفک پولیس کے تعاون سے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کیخلاف قانونی کاروائی کرے۔ چوہڑ میں وہیکل انسپکشن سرٹیفکیشن سنٹر 6ماہ میں قائم کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر نے روات میں قائم جدید وہیکل انسپکشن سرٹیفکیشن سنٹر کے دورہ کے موقع پر کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ چوہڑ میں نئے وہیکل انسپکشن سرٹیفکیشن سنٹر کے قیام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راشد علی نے بتایا کہ وہیکل انسپکشن سرٹیفکیشن سنٹر روات میں ہیوی اور لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز کی بریک، انجن کے شور، ہیڈ لائٹس اور سسپینشن کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ تمام اقسام کی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس 836اور 1255روپے کے درمیان ہے۔ کمشنر محمد محمود نے انسپکشن سنٹر کے لان میں پودا بھی لگایا۔