اسلام آباد میں یکم مارچ سےپلاسٹک بیگز پر پابندی ہو گی ،زرتاج گل

February 27, 2021

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) وزیرمملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ یکم مارچ سے اسلام آباد میں پولی تھین بیگز پر دوبارہ پابندی عائد کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی ہونگے، تعلیمی ادارے اور تجارتی شعبے پلاسٹک بیگ کے استعمال کی حوصلہ شکنی میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ اس سلسلے میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مختلف شعبوں کی تعلیمی اداروں اور تجارتی مراکز میں پلاسٹک بیگ کے ماحول اور انسانی صحت پر انتہائی منفی اثرات کے حوالے سے عوامی شعور پیدا کرنے کے لیے مختلف سرگرمیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولی تھین کے خلاف قانوں جو کووڈ 19 کے باعث کافی عرصے سے سست روی کا شکار تھا اسے یکم مارچ سے اسلام آباد میں سختی سے دوبارہ عمل میں لایا جارہا ہےجس کے تحت قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پر جرمانے عائد کئے جائیں گے۔