ادویات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، سول سوسائٹی

February 27, 2021

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)غریبوں کو صحت کی بنیادی سہولتوں سے محروم کر دیا گیا ہے ادویات کی قیمتیں آسمان پر جا پہنچی ہیں ۔ علاج معالجہ غریب کی پہنچ سے دور ہو چکا ہے حکمرانوں کی عوام کش پالیسیوں نے عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے ان خیالات کا اظہارسول سوسائٹی کے افراد نےجنگ سے بات چیت کرتے کیا انھوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتیں بدستور آسمان کی بے کراں وسعتوں کو چھورہی ہیں علاج غریب کے لئے مشکل تر ہو چکا ہے کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کے لئے دو وقت کی روٹی کے لالے پڑ چکے ہیں عام آدمی کے لئے روزگار کا مسئلہ تو تھا ہی اب علاج معالجہ بھی انکے لئے خواب و خیال ہو چکا ہے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی کمی سے لوگ تعویذ گنڈوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں بلکہ عطائیوں کی بھی چاندی بھی ہوچکی ہے جن کے ناقص علاج سے مریضوں کی زندگیاں دائو پر لگ چکی ہیں سروے کے دوران شہریوں کا کہنا ہے کہ صحت جیسی بنیادی سہولت عوام کو فراہم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت جیسے شعبے ہی نہیں تبھی تو مریضوں کو مہنگی ادویات کی وجہ سے ٹوٹکوں اور تعویذ گنڈوں کی طرف راغب ہونا پڑ رہا ہے ۔