ملک ممتاز کی آٹھویں برسی، قاتل پکڑے گئے نہ کوئی وعدہ پورا ہوا

February 27, 2021

شمالی وزیرستان میں جیو نیوز کے نمائندے ملک ممتاز خان کو ہم سے بچھڑے آٹھ سال بیت گئے، نہ قاتل پکڑے گئے اور نہ کوئی وعدہ پورا، ہوا آج میرانشاہ میں ان کی برسی منائی جارہی ہے۔

ملک ممتاز نے اپنے آبائی علاقے میران شاہ میں قیام امن، لوگوں کے مسائل حل کرانے اور دیگر سماجی خدمات کے لیے مثالی کردار ادا کیا۔

وہ جنگ اور جیو کے پلیٹ فارم سے ہمیشہ عوامی مسائل کی نشاندہی کرتے رہے۔

27 فروری 2013 کو میرانشاہ چشمہ پل کے قریب گھر جاتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا جس میں ملک ممتاز موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

ملک ممتاز کے بڑے بیٹے سلیمان خان کا کہنا ہے کہ آٹھ سال گزرنے کے باوجود بھی جدائی کے غم اب بھی تازہ ہیں۔

ملک ممتاز خان کے کے بیٹے سلیمان خان کا کہنا ہے کہ آج میرے والد ملک ممتاز شہید کی آٹھویں برسی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان آٹھ سالوں اب تک ان کے قاتل گرفتار نہ ہوسکے اور حکومت نے ہمارے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ بھی پورے نہیں کیے۔

ملک ممتاز چیئرمین میرانشاہ پریس کلب کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

ان کی برسی کے موقع پر میرانشاہ پریس کلب میں ختم القرآن کا اہتمام بھی کیا گیا۔

صدر میرانشاہ پریس کلب نور بہرام کا کہنا تھا کہ ملک ممتاز کی شہادت سے پورا شمالی وزیرستان یتیم ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومت کے اعلانات کے باوجود نہ اسی طرح مدد کی گئی اور نہ تحقیقاتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ سامنے لایا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک ممتاز کی شہادت پر آج بھی پورا وزیرستان غمگین ہے۔