روہت شرما پسندیدہ کھلاڑی ہیں ان ہی کی طرح کھیلنا چاہتا ہوں، حیدر علی

February 28, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کو کوئٹہ کے خلاف میچ جتوانے والے حیدر علی کا کہنا ہے کہ بھارتی روہت شرما میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں، خواہش ہے کہ جس طرح روہت بیٹسمین کھیلتے ہیں، میں بھی اس انداز میں بیٹنگ کروں۔پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ خواہش تو ٹورنامنٹ کا ٹاپ بیٹسمین بننے کی ہے لیکن اگر ٹاپ نہ بھی بن سکا تو کوشش یہی ہو گی کہ پانچ بہترین بیٹسمینوں میں جگہ بناؤں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑی کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا بہت مفید ہے، شعیب ملک فیلڈ میں اور فیلڈ سے باہر بھی بہت رہنمائی کرتے ہیں، کوئٹہ کے خلاف ہونے والے میچ میں شعیب ملک نے بس یہ مشورہ دیا تھا کہ صورتحال کے مطابق اپنا نیچرل کھیل کھیلو۔انہوں نے کہا کہ جب کوئی کرکٹر قومی ٹیم کی نمائندگی کر لیتا ہے تو اس کے بعد فینز اور ٹیم کی اس سے توقعات اور بھی بڑھ جاتی ہے اس لیے ان کی ہر میچ میں یہی کوشش ہوتی ہے کہ توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہوئے گراؤنڈ میں اپنا 100 فیصد دوں۔