نفیس زکریا اور جیمز شیرا کیلئے ڈاکٹریٹ کی اعزازی برطانوی ڈگری

February 28, 2021

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) انسانی حقوق کے برٹش پاکستانی کارکن اور اسکالر ڈاکٹر جیمس شیرا اور برطانیہ میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر نفیس زکریا کو پاکستان کے لئے خدمات کے اعتراف میں فورمن کرسچن کالج سے آرٹس اور لیٹرز میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں تفویض کی گئی ہیں۔ معروف پاکستانی مسیحی رہنما اور سابق سینئر سفارتکار دونوں کو ہفتے کے روز ایک پروگرام میں ڈگریوں سے نوازا گیا، جس کے دوران 876 طلباء نے گریجویشن کیا تھا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز رجسٹرار ڈاکٹر نیئر فردوس کے افتتاحی کلمات کے ساتھ ہوا، اس کے بعد تلاوت کلام پاک اور بائبل سے اقتباسات پڑھے گئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فورمن کرسچن کالج (ایک چارٹرڈ یونیورسٹی) ہے جو اپنی جامع اور متنوع طلبا تنظیم کی شناخت رکھتی ہے اور یہ ممتاز انسٹی ٹیوٹ تفریق کو ختم کرنے کے علاوہ بھی بہت کچھ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبا اور خصوصی طور پر ڈاکٹر جیمس شیرا کو مبارکباد پیش کی جو برطانیہ میں میئر کے طور پر منتخب ہونے والے پہلے پاکستانی مسیحی ہیں، وہ بطور کونسلر 40 برسوں سے اپنی کمیونٹی اور ووٹرز کی خدمت کرتے رہے ہیں۔ ان کی وابستگی اور لگن کے اعتراف میں لوکل کونسل نے انہیں 2017 میں فری مین آف دی بو رو آف رگبی کا لقب عطا کیا تھا۔